حضرت مجدد الف ثانی کے سالانہ عرس کیلئے زائرین سے درخواستیں طلب
اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے سرہند شریف، انڈیا میں حضرت مجدد الف ثانی کے سالانہ عرس میں شرکت کے خواہشمند پاکستانی زائرین سے 23اپریل، 2018تک درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ درخواستوں کے ہمراہ وزارت کے نام ایک ہزار روپے (Rs.1000/-)کا ناقابلِ واپسی بینک ڈرافٹ لف کرنا لازم ہے۔ عرس کی تقریبات 05 تا 12 نومبر ، 2018 تک سرہند شریف ، بھارت میں جاری رہیں گی۔ وزارت کے مطابق 200 پاکستانی زائرین کو عرس میں شرکت کیلئے بھیجا جائے گا۔ اگر درخواستیں زیادہ وصول ہوئیں تو 11 مئی ،2018 کو دِن 11 بجے وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی میں قرعہ اندازی کے ذریعے 200 زائرین کا انتخاب کیا جائے گا۔عرس سے متعلق دیگر تفصیلات ہدایات اوردرخواست فارم وزارت کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ پرانے فارموں پر بھیجی گئی درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔