پرویز مشرف نے کوئی بھی پاکستانی غیرملکیوں کے حوالے نہیں کیا،ڈاکٹر امجد
اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )آل پاکستان مسلم لیگ کے صدر ڈاکٹر محمد امجدنے کہا ہے کہ سید پرویز مشرف نے اپنے دوراقتدار میں کوئی بھی پاکستانی غیرملکیوں کے حوالے نہیں کیا۔ لاپتہ افراد سید پرویز مشرف کے کھاتے میں ڈال دینا مناسب نہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں دئیے گئے اس بیان کے ردعمل میں کیا جس میں سید پرویز مشرف پرچار ہزار پاکستانی، غیرملکیوں کوفروخت کرنے کا الزام لگایا گیاہے۔ڈاکٹر محمد امجد نے وضاحت کی کہ سید پرویز مشرف نے اپنے دور حکومت میں کوئی بھی پاکستانی غیرملکیوں کو فروخت نہیں کیا۔سید پرویز مشرف پر لگایا گیا الزام بے بنیاد ہے۔انہوں نے کہا کہ سید پرویز مشرف نے اپنی کتاب میں واضح طور پر لکھا ہے کہ ان کے دور میں القائدہ سے تعلق رکھنے والے369وہ غیر ملکی جنگجو امریکہ کے حوالے کئے گئے تھے جو دہشت گردی کی کاروائیاں کرنے کے لئے افغانستان سے سرحد پار کر کے پاکستان آئے تھے۔