دورہ انگلینڈ ، آئر لینڈ : قومی کرکٹرز کا تربیتی کیمپ، کھلاڑی آج رپورٹ کرینگے
لاہور(نمائندہ سپورٹس)پاکستان کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ اور آئرلینڈ سے مقابلے کے لئے تیاریوں کو حتمی شکل دینا شروع کردی ہے،ٹیم 22 اپریل کو روانہ ہوگی، اس حوالے سے تربیتی کیمپ آج سے شروع ہوگا۔دورہ برطانیہ کیلئے ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کیا گیا تھاجن میں وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کپتان برقرار، دیگر کھلاڑیوں میں اظہرعلی، فخرزمان، امام الحق، سمیع اسلم، اسد شفیق، بابراعظم، حارث سہیل، فہیم اشرف، شاداب خان، حسن علی، محمدعامر، راحت علی، محمدعباس، سعد علی اور عثمان صلاح الدین شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے حتمی 16 کھلاڑی آج ٹریننگ کیمپ میں رپورٹ کریںگے جبکہ تربیت کا آغاز 19 اپریل سے ہوگا۔ہیڈ کوچ مکی آرتھر ‘بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور‘بائولنگ کوچ اظہر محمود و دیگر کوچنگ سٹاف کھلاڑیوں کو تربیت دیے گا۔ بیٹنگ ‘بائولنگ ‘فیلڈنگ اور فٹنس پر زور دیا جائیگا‘دورہ کے حوالے سے حکمت عملی تیار کی جائیگی۔ گرین شرٹس 22اپریل کو روانگی سے قبل دو سیشن میں ٹریننگ کریگی ،شیڈول کے مطابق قومی ٹیم 28 اپریل سے یکم مئی تک کینٹ بری میں پڑائو ڈالے گی اور وہاں کی ٹیم سے 4روزہ پریکٹس میچ کھیلے گی۔نارتھمپٹن شائر کے خلاف 4 مئی سے 7 مئی تک چار روزہ میچ کھیلنے کے بعد ٹیم آئر لینڈ جائے گی جہاں واحد ٹیسٹ میچ 11 مئی سے کھیلے گی۔آئر لینڈ سے واپسی پر انگلینڈ میں پاکستان لیسٹر شائر کے خلاف دو روزہ میچ 19 اور 20 مئی کو کھیلے گی جس کے بعد 24 مئی اور یکم جون سے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی۔ شاہین تین ٹیسٹ میچز کھیلنے کیلئے 23 اپریل کو لاہور سے براستہ دبئی انگلینڈ روانہ ہوں گے۔