سکھ یاتریوں کو خالصتان معاملہ پر اکسانے کا الزام بے بنیاد ہے‘ پاکستان
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان نے ان بھارتی الزامات کو یکسر مسترد کر دیا ہے کہ پاکستان بھارتی یاتریوں کو خالصتان کے معاملے پر اکسانے کی کوششیںکر رہا ہے اور کہا ہے کہ بھارت اس نوعیت کے بے بنیاد د الزامات سے دانستہ سکھ یاتریوں کے دورے کے حوالے سے نیا تنازع پیدا کررہا ہے جو اس وقت بیساکھی اور خالصہ جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے پاکستان میں ہیں۔ منگل کے روز ترجمان دفتر خارجہ داکٹر محمد فیصل نے بھارتی طرز عمل کے حوالہ سے ایک بیان میں کہا کہ بھارت حقائق کو مسخ کرکے بیان کر رہا ہے جو سرا سر غیراخلاقی اور افسوسناک رویہ ہے۔ ترجمان نے کہا کہ یاتریوں کے پاکستان آنے سے پہلے ہی ایک فلم کی ریلیز پر سکھ برادری بھارت کے اندر اور متعدد دیگر ملکوں میں سراپا احتجاج ہے۔ مشتعل سکھوں نے خود بھارتی ہائی کمشنر کے ساتھ ملاقات سے انکار کیا تھا جس کے بعد بھارت کے ہائی کمشنر نے چودہ اپریل کو ہونے والی ملاقات منسوخ کر دی اور اس معاملہ کو بھارت اب توڑ موڑ کر پیش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا ملائشیاء وزیر دفاع کی دعوت پر پارلیمانی سیکرٹری برائے دفاع سردار منصب علی ڈوگر ملائشیا کے دورے پر ہیں‘ یہاں پر وہ سولہویں ڈیفنس سروسز کی نمائش اور کانفرنس میں شرکت کررہے ہیں جو کہ 16 سے 19 اپریل تک منعقد ہورہی ہے۔