اعلیٰ عدلیہ کا دائرہ کار فاٹا تک وسیع ، صدر نے بل پر دستخط کردیئے
اسلام آباد (ایجنسیاں) صدر ممنون حسین نے سپریم کورٹ اور پشاور ہائیکورٹ کے دائرہ کار کو فاٹا تک توسیع دینے کے بل کی توثیق کر دی صدارتی منظوری کے نتیجہ میں قبائلی علاقوں کے عوام کو بالآخر اعلٰی عدلتوں سے پولیٹیکل انتظامیہ کے فیصلوں کے خلاف اپیل دائر کرنے کا حق مل گیا۔قبائل نے صدر اور پارلیمینٹ سے اظہار تشکر کیا ہے صدر مملکت نے منگل کو پارلیمینٹ کے دونوں ایوانوں سے سپریم کورٹ اور پشاور ہائیکورٹ کے دائرہ کار کو قبائلی علاقوں تک توسیع دینے کے بل پر دستخط کیے ہیں یہ بل وزیر اعظم نے اپنی سفارش کے ساتھ صدر پاکستان کو بھجوایا تھا جس میں آگاہ کیا کہ دونوں ایوان متذکرہ بل کی باضابطہ طور پر منظوری دے چکے ہیں صدارتی توثیق درکار ہے صدر مملکت نے بل پر دستخط کر دیے ہیں صدارتی منظوری پر قبائلی علاقوں میں جشن کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ ڈھول کی تھاپ پر قبائلی عوام نے جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے روایتی رقص کیا۔