ملازمتوں پر پابندی کیخلاف پنجاب کی اپیل، الیکشن کمشن وفاقی حکومت سے آج جواب طلب
لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری ملازمتوں پر پابندی کے حوالے سے پنجاب حکومت کی اپیل پر الیکشن کمشن اور وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آج جواب طلب کر لیا۔ جسٹس شجاعت علی خان نے سماعت کی۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شکیل الرحمن خان نے موقف اختیار کیا کہ آئین کے تحت عوامی خدمت اور انتظامی امور کی انجام دہی سے حکومت کو نہیں روکا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل سرکاری ملازمتوں پر پابندی سے حکومتی اداروں میں انتظامی امور متاثر ہو رہے ہیں۔ بہتر انتظامی امور کی انجام دہی کے لئے عملے کا ہونا لازم ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمشن کی بھرتیوں پر پابندی کے باوجود چئیرمین ایچ ای سی کی تقرر کے اشتہار کے خلاف دائر درخواست پر سیکرٹری وزیراعظم کنٹرولنگ اتھارٹی سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے عامر اسماعیل کی درخواست پر سماعت کی، جس میں نئی بھرتیوں پر پابندی کے باوجود اشتہار جاری کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ہے۔