علاقائی روابط کو فوقیت دی جائے گی: اقتصادی تعاون تنظیم
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) اقتصادی تعاون تنظیم کی وزارتی کونسل کا اجلاس گزشتہ روز دوشنبے میں ہوا جس کی صدارت ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز نے کی۔ دفتر خارجہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ سرتاج عزیز نے وزارتی کونسل کی صدارت تاجکستان کے وزیرخارجہ اسلوف سراج دین کے حوالے کی، اس موقع پر ای سی او کے سیکرٹری جنرل حلیل ابراہیم اکا بھی موجود تھے۔ اپنے بیان میں سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان بطور بانی رکن اپنی ذمہ داریاں سمجھتا ہے اور اقتصادی تعاون تنظیم کے تمام منصوبوں اور اقدامات کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔دوشنبہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ علاقائی روابط کو فوقیت دی جائے گی ۔اعلامیہ میں ای سی او تنظیم کو مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے ۔ وزارتی کونسل اجلاس کے دوران سرتاج عزیز نے چیئرمین شپ تاجک وزیر خارجہ اسلووشراجین کے سپرد کی۔