پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کی بڑی قوت، الیکشن میں کلین سویپ کریگی: شازیہ عابد
ملتان (نمائندہ نوائے وقت) پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب شعبہ خواتین کی صدر شازیہ عابد خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کی بڑی قوت آئندہ انتخابات میں کلین سویپ کرے گی۔ صوبہ بنانا پارٹی منشور کا حصہ ہے ن لیگ چور اور کرپٹ ثابت ہو چکی، نواز شریف کی تاحیات نااہلی اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان پریس کلب میں ضلعی سٹی اور جنوبی پنجاب کی عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جنرل سیکرٹری جنوبی پنجاب صائمہ عامر خان، شہناز لودھی، سحرش خان، عابدہ بخاری، راضیہ رفیق، شاہینہ طلعت، شبانہ گل، حفیظاں سیال، نسرین بیگم و دیگر خواتین ان کے ہمراہ تھیں۔ شازیہ عابد خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاق کی علامت اور تمام مظلوم مدیتوں کی موثر آواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران نے خطہ کے بجٹ اور منصوبوں کو لاہور جاتی امراء منتقل کیا۔ انہوں نے کہا کہ خطہ میں معصوم بچوں کو درندگی کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور حکومت محض تماشائی کا کردار ادا کرتی ہے۔ لوڈشیڈنگ اس خطہ میں حد سے زیادہ ہے جبکہ ریونیو بھی یہی خطہ سب سے زیادہ دیتا ہے۔ خطہ کے عوام اب اٹھ کھڑے ہیں خطہ میں بہتر نمائندگی ملنے پر صوبہ بھی بنے گا۔