بلا اجازت تصاویر سکین کرنے پر صارفین فیس بک کیخلاف ہرجانہ کرسکتے ہیں: امریکی عدالت
واشنگٹن (آن لائن) امریکہ میں ایک عدالت نے فیصلہ سنایا ہے کہ ایسے لاکھوں صارفین جن کی تصاویر ان کے علم میں لائے بغیر سکین کی گئیں، وہ فیس بک کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ کر سکتے ہیں۔2015 میں یہ کیس ریاست النائی کے صارفین نے ریاست میں موجود ایک خصوصی قانون کے پیشِ نظر شروع کیا تھا۔اس کلاس ایکشن کیس میں فیس بک کو اربوں ڈالر کا جرمانہ ہو سکتا ہے۔فیس بک کے کہنے پر اس کیس کو شہر سان فرانسسکو کی عدالت میں منتقل کر دیا گیا تھا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اس حوالے سے اپنا بھرپور دفاع کرے گی۔ اس کیس کے فیصلہ سے فیس بک کے امریکہ میں بائیو میٹرکس کے استعمال پر دور رس نتائج مرتب ہو سکتے ہیں۔فیس بک پر تصاویر میں اپنے دوستوں کو ٹیگ کرنا اس ویب سائٹ کا مقبول ترین فنکشن رہا ہے۔