مارگلہ روڈ واقعہ میں امریکی سفارتکار کو مکمل قصور وا ر قرار دیدیا گیا
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) تھانہ کوہسار کے علاقے مارگلہ روڈ پر امریکی ملٹری و ائر اتاشی کرنل جوزف امینوئل کی گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار عتیق بیگ کے جاں بحق ہونے کے واقعہ میں سفارتکار کو مکمل طور پر قصور وار قرار دے دیا گیا ہے امریکی سفارتکار کے خلاف موقع سے سارجنٹ کے بیان ، سیف سٹی کیمرے کی فوٹیج ، ٹریفک سگنل کی بتی سرخ ہونے ، عینی شاہدین سمیت 12 گواہیاں بھی پولیس کو مل گئیں پولیس نے امریکی ملٹری و ائر اتاشی کرنل جوزف امینوئل کے خلاف زیر دفعات 229 . 427 . 337g .320 ت پ مقدمے کا چالان بھی مجاز عدالت میں بھجوادیا ایس ایچ او تھانہ کوہسار خالد محمود اعوان نے بتایا کہ اس حادثے میں ملزم سفارتکار کرنل جوزف امینوئل مکمل طور پر گنہگار ثابت ہوگئے ہیں ادھر پولیس حکام نے وزارت داخلہ کو اس کیس کی نقل بھی ارسال کردی ہے تاکہ ایف آئی آر کے مندرجات پر ملزم سفارتکار کا بیان لیا جاسکے ۔