نئی نسل کرپٹ سیاستدانوںسے نجات کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دے‘ سراج ا لحق
لاہور (پ ر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ نئی نسل اقتدار کے بھوکے سیاستدانوں کے فریب میں آنے کی بجائے پاکستان کو ایک اسلامی اور فلاحی ریاست بنانے کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ جماعت اسلامی کی حکومت ہر مظلوم کی وکالت خود کرے گی۔ تعلیم اور علاج مفت ہوگا۔ ہر بے گھرکو چھت اور بے روزگار کو روزگاری الائونس دیں گے۔ ظلم و جبر اور جہالت کے اندھیروں سے نکلنے کیلئے کرپٹ سیاستدانوں سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب جندل معیار میں ٹانک شاہ پل کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اعزاز الملک افکاری بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کراچی میں سات سالہ بچی رابعہ کے زیادتی کے بعد قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کے ساتھ زیادتی اور قتل کے مسلسل واقعات وحشت اور درندگی کا ثبوت ہے ایسے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نپٹنے کی ضرورت ہے۔ سراج الحق نے بچی کے والدین سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مجرم کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیاہے۔