یوسی چیئرمین سلیم اﷲ خان گرفتار‘ عامر ڈوگر شخصی ضمانت پر لے گئے
ملتان (خبر نگار خصوصی) عدالت کی طرف سے اشتہاری قرار دئے جانے پر تھانہ چہلیک کی پولیس نے یوسی 35 کے چیئرمین سلیم اﷲ خان کو گرفتار کر لیا چند ماہ قبل مذکورہ چیئرمین جس کا تعلق تحریک انصاف سے ہے نے ڈی سی آفس کے سامنے کوڑا کرکٹ پھینکا تھا اور کہا تھا کہ اس کی یوسی میں صفائی نہیں ہو رہی۔ اس واقعہ پر چیئرمین کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا عدالت پیش نہ ہونے پر اسے اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔ عدالت کے حکم پر پولیس نے گزشتہ روز طارق آباد سے اسے گرفتار کر لیا ہے جسے آج عدالت میں پیش کیا جائے گا جبکہ رات گئے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر شخصی ضمانت پر سلیم اﷲ خان کو لے گئے جنہیں آج وہ عدالت پیش کریں گے۔