افغانستان: جھڑپ میں 16 طالبان ہلاک، گاڑی پر حملہ، ہزارہ برادری کے 6 افراد مارے گئے
کابل(آن لائن+آئی این پی) افغانستان میں سکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں 16جنگجو ہلاک اور متعدد زخی ہو گئے ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان صوبائی پولیس کے سربراہ محمد زمان نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان صوبہ غزنی کے ضلع میوقار میں فائرنگ کا زبردست تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں سولہ طالبان ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ۔ اس موقع پر سکیورٹی فورسز نے متعدد طالبان کو گرفتار بھی کر لیا۔ دوسری جانب مغربی صوبے غور میں مسلح افراد نے 6 عام شہریوں کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔افغان میڈیا کے مطابق صوبائی پولیس کے ترجمان اقبال ناظمی نے بتایا حملہ آوروں نے فروز کوہ کے قریب ایک گاڑی کو نشانہ بنایا، جس دوران 6 افراد ہلاک اور4 دیگر زخمی بھی ہو گئے۔ اس حملے کا نشانہ بننے والے تمام افراد کا تعلق ہزارہ برادری سے ہے۔ ناظمی کے مطابق یہ افراد صوبے ہرات سے غور جا رہے تھے جب ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔
افغانستان