تاجروں کی حمایت میں جماعت اسلامی نے ہڑتال کی دھمکی دیدی
کراچی(کامرس رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی کے ایک وفد نے کراچی میں بجلی و پانی سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے جاری عوامی جدو جہد میں دیگر طبقات کو شامل کر نے اور ان کے مسائل کو اْجاگر کر نے کے لیے نارتھ کراچی انڈسٹری اینڈ ٹریڈ ایسوسی ایشن (نکاٹی)کے سر پرست اعلیٰ کیپٹن ریٹائرڈ اے معیزخان ،صدر محمد شاہد صابر ،سجاد ایچ وزیر ،محمد فاروق اور فیڈر بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر بابر خان سے ملاقات کی اور بجلی اور پانی کے بحران سے پیدا ہونے والی صورتحال بالخصوص تاجروں و صنعتکاروں کے مسائل پر تبادل?? خیال کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے بتایا کہ جماعت اسلامی بجلی و پانی کے بحران کے حل کے لیے اور حکومت کی مجرمانہ غفلت و لاپرواہی اور نا اہلی و ناقص کارکردگی کے خلاف بھر پور احتجاجی تحریک چلارہی ہے اور اس سلسلے میں 20اپریل کو وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کرنے اور اس کے باوجود بھی حکومت نے کوئی سنجیدہ کوشش اور اقدامات نہ کیے تو 27اپریل کو کراچی میں پر امن ہڑ تال کی جائے گی۔جماعت اسلامی کے وفد میں سیکریٹری کراچی عبد الوہاب ،سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ،سابق ٹاؤن ناظم گلبرگ ٹاؤن فاروق نعمت اللہ ،کے الیکٹرک کمپلنٹ سیل کے نگراں عمران شاہد اور عبد الرحمن بھی شامل تھے۔تاجر و صنعتکار تنظمیوں کے رہنماؤں نے کہا کہ کے الیکٹرک کی جانب سے اووربلنگ اور ایوریج بلنگ بہت بڑا مسئلہ ہے جس کا کاٹیج انڈسٹری کو بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ لوڈشیڈنگ سے پیداوار کم ہوتی ہے اور ایکسپورٹ کا ہدف پورا نہیں ہو تا۔سوئی سدرن گیس اور کے الیکٹرک کے جھگڑے اور تنازع میں کراچی کے شہری اور صنعتکار پس رہے ہیں۔