خمیازہ کراچی کے عوام بھگت رہے ہیں وسیم اختر
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک اورسوئی سدرن گیس کے مابین تنازعہ کا خمیازہ کراچی کے عوام بھگت رہے ہیں، رہائشی علاقوںکے ساتھ ساتھ اسپتالوں کو بھی لوڈشیڈنگ سے نہیں بخشا گیا،حکومت چاہتی ہے کہ کراچی کے لوگ ٹیکس دینا بند کردیں اورسول نافرمانی شروع کردیں، کے ۔الیکٹرک، صوبائی حکومت سوئی سدرن گیس، واٹر بورڈ ہو یا کوئی بھی اس احتجاج کو سنجیدہ لینا ہوگا،صدر پاکستان سے اپیل کرتا ہوں کہ کے الیکٹرک اور سوئی گیس کے تنازعات حل کروائیں، صاحب اقتدار کو چاہئے کہ اس مسئلے کو جلد سے جلد حل کیا جائے، کراچی کی باری آتی ہے تو حکومت پاکستان اور حکومت سندھ کے پاس فنڈز ختم ہو جاتے ہیں، گزشتہ دس سال سے کراچی میں ایک بھی منصوبہ مکمل نہیں ہوا، بجلی کے بحران کو حل کرنے کے لئے کم از کم 200 والیوم گیس کے الیکٹرک کو ملنا چاہئے، حکومت ایس ایس جی سی کو کے الیکٹرک کو گیس دینے کے لیے پابند کرے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کی صبح کے الیکٹرک کے صدر دفتر گذری کے سامنے احتجاج کرنے والے بلدیاتی نمائندوں سے خطاب اور بعدازاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا اور چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور ، وائس چیئرمین عبدالرئوف خان، وائس چیئرمین بلدیہ وسطی سید شاکر علی، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی، اراضی کمیٹی کے چیئرمین سید ارشد حسن، قانونی امور کمیٹی کے چیئرمین عارف خان ایڈوکیٹ، سٹی کونسل میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر امان خان آفریدی، اے این پی کے پارلیمانی لیڈر عالم زیب الائی ، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے اکبر شاہ ہاشمی، پی ٹی آئی کے شجاع حیدر ایڈوکیٹ اور دیگر بلدیاتی نمائندے موجود تھے جنہوں نے ہاتھوں میںاحتجاجی بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نامنظور۔زائد بلنگ بند کرو۔کے الیکٹرک کراچی عوام دشمن کے نعرے درج تھے،میئر کراچی نے کہا کہ ابھی ہم نے کراچی کے ان لوگوں کو اس گرمی نہیں بلایا جنہوں نے ہمیں ووٹ دے کر منتخب کرایا ہے، صدر پاکستان سے درخواست ہے کہ ملک کے لئے کوئی تو کام کرے، کراچی کے لوگ مشکل میں ہیں اور ان کے ساتھ زیادتی کی جا رہی ہے، میئر کراچی وسیم اختر اس موقع پر بلدیاتی نمائندوں کے ہمراہ کے الیکٹرک کے اعلیٰ حکام کے سامنے احتجاج ریکارڈ کرانے کے لئے مرکزی دفتر میں داخل ہوئے جہاں انہوں نے چیف مارکیٹنگ سید فخر عالم ،ڈائریکٹر ڈسٹری بیوشن ارشد افتخار‘ ڈائریکٹر میڈیاسعدیہ دادا‘ ڈائریکٹرراشد حسین‘ ڈپٹی ڈائریکٹر پروٹوکول فیصل جہانگیراور ہیڈ ایچ آررضوان ڈالیاکے ساتھ مذاکرات کئے اور بعدازاں کے الیکٹرک کے دفتر سے باہر آنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آج کے الیکٹرک کے عہدیدار وں سے بات چیت میں بھی انہیں یہ پیشکش کی ہے کہ بہت سے ایشوز ہم ضلعی سطح پر بھی حل کرسکتے ہیں لہٰذا اس حوالے سے سنجیدہ کوششیں اور اقدامات کئے جانے چاہئیں۔