پی آئی اے کو ڈرائی لیز پر 15 طیارے شامل کرنے کیلئے 15 ملین ڈالر فراہم کر دیئے: نواز شریف
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت نیوز) وزیراعظم محمد نواز شریف نے پاکستان انٹرنیشنل ائرلائن کے ملازمین پر زور دیا ہے کہ وہ قومی ایئر لائن کی عظمت رفتہ کی بحالی کے لئے حکومتی کوششوں کا ساتھ دیں۔ وہ پی آئی اے کی ائرلیگ یونین کے عہدیداروں سے بات چیت کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے ملازمین پر زور دیا کہ پی آئی اے کو ترقی دینے کے لئے ہم آہنگی کے ساتھ سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے، پی آئی اے بحالی کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ حکومت بڑے شراکت دار کی حیثیت سے پی آئی اے کی ترقی کے مقصد کے حصول کے لئے ہمیشہ پرعزم رہے گی۔ پی آئی اے کے ہر ملازم کو قومی ایئر لائن کی تنظیم نو کی پالیسی میں حکومت کا ساتھ دینا چاہئے تاکہ اسے منافع بخش ادارہ بنایا جا سکے۔ پی آئی اے کو اپنے بیڑے میں ڈرائی لیز پر 15 طیارے شامل کرنے کیلئے 15 ملین ڈالر فراہم کئے گئے ہیں۔ بیل آئوٹ پیکیج کے لئے بھی قومی خزانے سے پی آئی اے کو 16 ارب روپے دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پی آئی اے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کریں گے اور قومی ایئر لائن کے تشخص، اس کی سروس میں بہتری اور نقصانات میں کمی لانے کے سلسلے میں تفصیلی پریزنٹیشن لیں گے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ایئر لیگ پی آئی اے کے 8 ہزار سے زائد ملازمین کی نمائندہ تنظیم ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے ایئر لیگ کو مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ پی آئی اے کی بہتری کے لئے کام کرے گی۔ یونین کے عہدیداروں نے پی آئی اے سے متعلق مختلف امور کے بارے میں وزیراعظم کو آگاہ کیا اور بہتری کے لئے تجاویز پیش کیں۔ وفاقی وزیر مشاہد اﷲ خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد نے وزیراعظم کو پی آئی اے کی بہتری کے لئے تجاویز دیں۔ وفد میں مرکزی صدر شمیم اکمل، سیکرٹری ناصر جنجوعہ، چیئرمین شاہد قریشی اور محمود بخاری شامل تھے۔