پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ذوالفقارعلی بھٹو کے عدالتی قتل کو ججز نے بھی تسلیم کیا ہے، عدلیہ کے ماتھے سے اب یہ داغ دھل جانا چاہیے۔
بھٹو ریفرنس کیس کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ عوام بھٹو کے خون کا حساب چاہتے ہیں اوراسی مقصد کے لئے پیلپزپارٹی نے کیس کو ری اوپن کرنے کے لئے ریفرنس دائرکیا ہے ، انہوں نے توقع ظاہر کی کہ عدلیہ آئین اور قانون کے مطابق انصاف کے تقاضے پورے کرے گی۔ اس موقع پرپنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض نے کہا کہ بھٹوکی پھانسی کا فیصلہ سنا کر پنجابی ججوں نے پنجاب کی پگڑی پرداغ لگایا تھا، اسے دھل جانا چاہیے۔ دوسری طرف میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ پرویزاشرف کا کہنا تھا کہ بھٹوریفرنس کیس میں ہماری لیگل ٹیم بہت مضبوط ہے، عدلیہ سے انصاف حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔