پولیس افسر بغیردباؤ کے مظلوم کو حق دلوائیں :سی سی پی او
لاہور(نامہ نگار)سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی ہدایت پر لاہور پولیس نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے باٹا پور کے علاقہ میں قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری زمین ناجائز قابضین سے واگزار کرا لی ہے۔ ملزم منظور بٹ کی سربراہی میں قبضہ مافیا عرصہ دراز سے اس سرکاری اراضی پر غیر قانونی طور پر قابض تھا۔ملزم نے سرکاری اراضی کی جگہ ناجائز تجاوزات کی صورت میں 20 مرلے پر محیط حویلی بھی بنا رکھی تھی۔سی سی پی او لاہور نے ہدایت کی ہے کہ پولیس افسر کسی بھی دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر مظلوم متاثرین کو ان کا حق دلوائیں تاکہ معاشرے میں انصاف کا بول بالا ممکن ہو سکے۔غلام محمود ڈوگر نے مزید کہاکہ سادہ لوح غریب شہریوں کی عمر بھر کی جمع پونجی سے خریدی زمین اور جائیدادیں ہتھیانے والے بدمعاش مافیا اور ان کے کارندوں کی اب شہر میں کوئی گنجائش نہیں،ایسے امن دشمن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جارہا ہے۔