ویرات کوہلی کا ورلڈ کپ کے بعد ٹی ٹونٹی کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان
لاہور(سپورٹس ڈیسک )بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے بعد کپتانی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔سوشل میڈیا سے جاری پیغام میں ویرات کوہلی نے کہا کہ وہ بطور کھلاڑی ٹی ٹونٹی میں سلیکشن کیلئے دستیاب ہوں گے۔اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں بہت خوش قسمت رہا کہ مجھے بھارتی کرکٹ ٹیم کی جانب سے کھیلنے اور کپتانی کرنے کا موقع ملا۔ میں شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں ان لوگوں کا جنہوں نے اس سفر میں میرا ساتھ دیا۔ میں نے اپنے کیریئر میں جو کچھ حاصل کیا وہ میری ساتھیوں، سپورٹ سٹاف، سلیکشن کمیٹی، میرے کوچز اور تمام بھارتی باسیوں کی دعاوں کے بغیر ممکن نہیں تھا۔ گزشتہ 9 سال میں تینوں طرز کی کرکٹ کھیلنے اور پھر 6 سال کے دوران بھارتی ٹیم کی کپتانی کرنے کا دباؤ مجھے اس مقام پر لے آیا ہے جس پر سوچا ہے کہ میں خود کو اس دباو سے دور کروں اور صرف ٹیسٹ اور ون ڈے کی قیادت کروں۔ ٹی ٹونٹی کی کپتانی کے دوران میں نے اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کی اور بطور بلے باز میں اسے جاری رکھوں گا۔ کوچ روی شاستری، ساتھی کھلاڑی روہت شرما اور بورڈ کے صدر سارو گنگولی سے مشاورت کے بعد میں نے فیصلہ کیا ہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے بعد میں کپتانی سے دستبردار ہو جاوں۔