جنوبی وزیرستان میں شہید 3 جوان فوجی اعزاز کے ساتھ مظفرگڑھ میں سپرد خاک
مظفرگڑھ‘ قصبہ گجرات (نامہ نگار‘ ڈسٹرکٹ رپورٹر‘ جنرل رپورٹر‘ نمائندہ نوائے وقت) جنوبی وزیرستان میں ایک آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے ضلع مظفرگڑھ کے 3 فوجی جوانوں کی نمازجنازہ ادا کردی گئی،،شہداء کو پاک فوج کی جانب سے سلامی دی گئی اور شہداء کی تدفین فوجی اعزاز کیساتھ انکے آبائی علاقوں میں کردی گئی۔ تفصیلات کیمطابق بدھ کے روز جنوبی وزیرستان میں ایک آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی فائرنگ سے 7 جوان شہید ہوئے تھے، شہید ہونے والے جوانوں میں سے 3 شہداء کا تعلق ضلع مظفرگڑھ کے مختلف علاقوں سے ہے، مظفرگڑھ کے 3 فوجی شہداء کی نمازجنازہ گزشتہ روز ادا کردی گئی جس میں فوجی افسران اور ہزاروں کی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی، اس موقع پر فوج اور پاکستان کے حق میں نعرہ بازی بھی کی گئی،شہید فوجی اشفاق حسین کی نمازجنازہ دولت پور میں ادا کردی گئی جس میں ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ امجد شعیب ترین،ایس پی انوسٹی گیشن مظفرگڑھ اور ایم پی اے سردار عون حمید ڈوگر نے بھی ہزاروں شہریوں کے ہمراہ شرکت کی،شہید محمد شیراز کی نمازجنازہ قصبہ گجرات میں ادا کی گئی جس میں سابق ایم پی اے انجنیئر محمد بلال کھر،ڈی ایس پی کوٹ ادو سمیت ہزاروں شہریوں نے شرکت کی،،شہید فوجی اہلکار محمد انتظار کی نمازجنازہ موضع سنکی میں ادا کی گئی جس میں سابق ممبر قومی اسمبلی جمشید دستی،ڈی ایس پی سٹی نصر بخت سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی،نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد پاک فوج نے تینوں شہداء کو سلامی پیش کی، نمازجنازہ کی ادائیگی کی بعد فوجی اعزاز کیساتھ انکے آبائی علاقوں میں تدفین کردی گئی اور فوجی افسران نے شہداء کی قبروں پر صدر ،وزیراعظم اور چیف آف آرمی سٹاف کی جانب سے پھولوں کے گلدستے چڑھائے۔