امریکہ برطانیہ کا آسٹریلیا کو جوہری آبدوز ٹیکنالوجی دینے کا معاہدہ، امن کیلئے خطرہ: چین
سڈنی، بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکہ اور برطانیہ کی جانب سے آسٹریلیا کو جوہری آبدوز کی ٹیکنالوجی دینے کے معاہدے کی چین نے شدید مذمت کی ہے۔ چین کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ علاقائی امن و استحکام کیلئے سنگین خطرہ ہے۔ اس سے اسلحہ کی دوڑ میں اضافہ ہوگا۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ کا پریس بریفنگ میں کہنا تھا کہ امریکہ، برطانیہ ایٹمی برآمدات کو جیوپولیٹیکل گیمز کے آلے کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ آسٹریلیا کو جوہری آبدوز کی ٹیکنالوجی برآمدکرنا، امریکہ اور برطانیہ کے دوہرے معیار کا عکاس انتہائی غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے۔ اس معاہدے نے جوہری عدم پھیلاؤ کے وعدوں کی پاسداری میں آسٹریلیا کے اخلاص پر سوال اٹھا دیئے ہیں۔ دوسری جانب فرانس نے بھی آسٹریلیا کی جانب سے برطانیہ اور امریکہ سے معاہدے کو ’پیٹھ میں چھرا گھونپنے‘ کے مترادف قرار دیا ہے۔