لاہور: ایف آئی اے لاہور نے شوگر ملز کیس میں جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق منی لانڈرنگ اور شوگر ملز میں فراڈ سے متعلق تحقیقات جاری ہیں ۔ جبکہ ایف آئی اے لاہور شوگر ملز کیس میں تحقیقات کیلئے جہانگیر ترین اور علی ترین کو طلب کرلیا۔
ایف آئی اے نے جہانگیر ترین کے صاحبزادے علی ترین کو 18 ستمبر جبکہ جہانگیر ترین کو 19 ستمبر کو ایف آئی اے لاہور پیش ہونے کی ہدایت کردی۔ایف آئی اے کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم دونوں سے تحقیقات کرے گی۔
یاد رہے کہ ملک میں چینی کے بحران کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی نے 4 اپریل کو اپنی رپورٹ عوام کے سامنے پیش کی تھی ، اس رپورٹ میں شہباز شریف ، جہانگیر ترین ، خسرو بختیار ، مونس الٰہی اورآصف علی زرداری سمیت بہت سے بڑے سیاستدانوں کے نام شامل تھے ۔ اس رپورٹ کے بعد حکومت نے شوگر مل مالکان کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا ۔