دورہ لاہور : نیب کرپشن کے خاتمہ کیلئے سنجیدہ ، افسر کیسز کو منطقی انجام تک پہنچائیں : چیئرمین
لاہور (سٹاف رپورٹر) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب لاہور کا دورہ کیا جہاں ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور نے کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیموں کے ہمراہ چیئرمین نیب کو نیب لاہور کی کارکردگی خصوصاً میگا کرپشن کے مقدمات میں ہونیوالی تحقیقات میں اب تک کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ان کیسز میں محکمہ ایکسائیز اینڈ ٹیکسیشن کے افسروں و اہلکاران کیخلاف نجی ہوٹل کو شراب لائسنس کے اجراء کی تحقیقات، شہباز شریف اور اہل خانہ کیخلاف مبینہ منی لانڈرنگ ریفرنس، نورالامین مینگل، احد خان چیمہ کیخلاف لاہور ماسٹر پلان میں مبینہ تبدیلی کیس، سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس، صوبائی وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کیخلاف جاری انویسٹی گیشن شامل ہیں۔ چیئرمین نیب نے تمام کیسز کی تحقیقات کو میرٹ کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب بدعنوان عناصر کیخلاف قانون کے مطابق بلا امتیاز تحقیقات پر یقین رکھتا ہے۔ نیب افسران کا تعلق کسی پارٹی یا گروہ سے نہیں بلکہ صرف اور صرف ریاستِ پاکستان سے ہے۔ نیب افسران تمام شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریاں اور انویسٹی گیشن قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچائیں تاکہ بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جا سکے۔چیئر مین نیب نے ہدایت کی کہ عوام کے کروڑوں، اربوں روپے لوٹنے والی جعلی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے اورمفرور و اشتہاری ملزمان کی فوری گرفتاری کے لئے قانون کے مطابق اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ چیئرمین نیب نے ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور کی سربراہی میں نیب لاہور کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ نیب کی مجموعی کارکردگی میں نیب لاہور کا اہم کردار ہے۔