وزراء بات نہیں سنتے‘ وزیراعظم سے پارٹی ارکان کے گلے شکوے
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی اجلاس میں حکومتی اراکین نے حلقوں کے مسائل حل نہ ہونے پر شکایتوں کے انبار لگادئیے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف اوراتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ارکان پارلیمنٹ نے حلقوں سے متعلق مسائل پر گفتگو کی اور شکوہ کیا کہ وفاقی وزیروں کے پاس عوامی مسائل سننے کا وقت نہیں۔ جس پر وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ عوامی مسائل سے آگاہ ہوں، عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کہ پاکستان کے لیے فیٹف بلز کو منظور کرانا ہے، اپوزیشن اپنے لیڈرز کی کرپشن بچانے کے لیے قومی مفاد کے قانون کی مخالفت کررہی ہے۔ رکن قومی اسمبلی نورعالم خان نے نیب کا نوٹس ملنے پرپارلیمانی پارٹی اجلاس میں احتجاج کیا اورکہا کہ ہم کوئی بات کرتے ہیں تو نیب نوٹس بھیج دیتا ہے۔ اس پر وزیراعظم نے کہا کہ نیب حکومت کے کنٹرول میں نہیں، آزاد ادارہ ہے، نیب نے تو ہمارے وزرائے اعلی اور وزیروں کے خلاف بھی نوٹس دیے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی زیر صدار پارلیمانی پارٹی کا اجلاس میں ایف اے ٹی ایف سے متعلقہ قانون سازی کیلئے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔