قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں تمباکو سے پاک گلگت کے عنوان سے سیمینار
اسلام آباد(نا مہ نگار) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں تمباکو سے پاک گلگت بلتستان اور معاشرے پر تمباکو کے بُرے اثرات کے عنوان پر شاندار کانفرنس کا انعقاد کیاگیا۔کانفرنس میں تمباکو نوشی کی قسمیںاور مختلف افراد پر اس کے اثرات ،گلگت بلتستان میں تمباکو نوشی کی صورت حال ،تمباکو نوشی کے روک تھام کے لئے صوبائی ،ملکی اور بین الاقوامی سطح پر بنائے جانے والے قوانین اور ان پر عمل ،تمباکو کے دھویں سے پاک گلگت بلتستان مہم اور ہماری زمہ داریاں ،گلگت بلتستان تمباکو کنٹرول ایکٹ 2020کے ثمرات ،سفارشات اور مستقبل کے لئے لائحہ عمل سمیت مختلف امور پر تعلیمی سماجی اور انتظامی معاملات میں خدمات سرانجام دینے والے ماہرین نے تبادلہ خیال کیا۔ایک روزہ کانفرنس کے مہمان خصوصی قراقرم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ تھے ۔ان کے ہمراہ نگران وزیر تعلیم وتعمیرات عامہ عبدالجہاں ،سیکرٹری اطلاعات فداحسین ،ایس ایس پی گلگت میرزاحسن ، سیڈو کے کنٹری ہیڈ ملک عمران خان ،سیڈو کے سی ای او عزیز کریم ،یونیورسٹی کے سینئرمنیجمنٹ آفیسران ،فیکلٹی ممبران ،سوشو اکنامکس اینڈ ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے آفیسران ،گلگت بلتستان کے سینئرجرنلسٹ،پریس کلب گلگت کے صدر سمیت طلبہ وطالبات موجود تھے ۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وز یر تعلیم وتعمیرات عامہ عبدالجہاں نے کہاکہ منشیات سے پاک ماحول کے حوالے سے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی پورے گلگت بلتستان سمیت پاکستان کے لیے مشعل راہ ہے ۔جس پر وائس چانسلر سمیت یونیورسٹی انتطامیہ مبارک بادی کے مستحق ہیں ۔