بھارتی غیرقانونی قبضے والا کشمیر دنیا کی بڑی جیل بن چکا: اکبر حسین درانی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اکبر حسین درانی نے کہا ہے کہ بھارتی غیرقانونی قبضے والے کشمیر کے اندر طویل ترین غیر قانونی لاک ڈائون کرتے ہوئے بھارتی غیرقانونی قبضے والے کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دی گئی ہے۔ ہندوستان نے پاکستان کی تمام امن کوششوں کے جواب میں ہمیشہ الزام تراشی کا سہارا لیا، جنگ بندی معاہدے، شملہ معاہدے سمیت ہر معاہدے کی خلاف ورزی میں ہندوستان نے پہل کی ۔ ہندوستان کی جانب سے آئینی حیثیت تبدیل کی گئی اور کشمیریوں پر مظالم
کے نئے پہاڑ گرائے گئے ہیں۔ پاکستان کشمیر کے منصفانہ حل کے لئے کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے، ہندوستان نے مظلوم اور نہتے کشمیریوں پر بندشوں کے پہاڑ کھڑے کر دیئے ہیں، پاکستان کے اندر بھی دہشت گردی میں ہندوستان کلبھوشن یادیو کی شکل میں براہ راست ملوث ہے۔ وہ بدھ کو وزارت اطلاعات و نشریات کے زیر اہتمام "علاقائی اور عالمی تناظر میں ہندوستان کی خارجہ پالیسی کی ڈی کوڈنگ " کے عنوان سے پینل مباحثہ میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ سابقہ سیکرٹری خارجہ ریاض حسین کھوکھر، سلیمان بشیر، سابق سفراء عزیز احمد خان اورآصف درانی نے ہندوستان کی خارجہ پالیسی ،بھارتی غیرقانونی قبضے والے کشمیر پر غیر قانونی قبضے، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، پاکستان کے دو ٹوک موقف پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ پی آئی او شاہیرہ شاہد، ڈی جی ریڈیو پاکستان امبرین جان سمیت وزارت اطلاعات و نشریات کے سنیئر افسران ، قومی اخبارات اور ٹی وی چینلز کے ایڈیٹرز اور میڈیا کے نمائندوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔