امریکہ کی طرف سے چینی مصنوعات پر اضافی محصولات غیرقانونی: ڈبلیو ٹی او
نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک) عالمی تجارتی تنظیم ڈبلیو ٹی او نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ تجارتی تنازعہ میں امریکہ کی طرف سے چین کی بعض مصنوعات پر اضافی ٹیکس یا محصولات عائد کرنے کا عمل غیر قانونی ہے۔ ترجمان کے مطابق چین کی مصنوعات پر 200 ارب ڈالر کے حجم کا اضافی ٹیکس، جس کا فیصلہ 2018ء میں کیا گیا تھا، عالمی تجارتی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ مزید برآں واشنگٹن نے مناسب طور پر اس کی وضاحت نہیں کی کہ اس نے چین سے درآمد ہونے والی بعض مصنوعات کو ملک میں داخل ہونے سے کیوں روک دیا ہے۔ واشنگٹن حکومت نے چینی مصنوعات پر پابندی کی وجہ یہ بتائی تھی کہ یہ مصنوعات چین کے علاقے سنکیانگ میں ’جبری مشقت‘ کے ذریعے تیار کی گئی ہیں اور یہ کہ چین کا یہ اقدام ’غلامی کی جدید شکل‘ ہے۔