پیداوار اور ایکسپورٹ میں اضافے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں: وزیر زراعت پنجاب
لاہور (پ ر) وزیر زراعت پنجاب حسین جہانیاں گردیزی نے ہدایت کی ہے کہ پنجاب میں’’ ہائی ویلیو کراپس‘‘ کی پیداوار اور ایکسپورٹ میں اضافے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ وہ پنجاب میں وزیر زراعت کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد لاہور میں محکمہ زراعت پنجاب کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس میں واصف خورشید سیکرٹری زراعت پنجاب، وقار حسین اسپیشل سیکرٹری زرعی مارکیٹنگ، اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔ سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید نے اجلاس میں وزیر زراعت پنجاب کوترقیاتی منصوبوں کی پراگریس ، سبسڈی کی فراہمی ، جعلی زرعی ادویات و کھادوں کے خلاف مہم اور مشینی زراعت کے فروغ کے لیے اقدامات کے متعلق بریف کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2020-21میں ٍ7ارب 75کروڑ روپے کی لاگت سے5نئے اور 39جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے اہم فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ممکن ہو گا۔