پولی تھین بیگز سے متعلق قانون کوایک ہفتے میں حتمی شکل دی جائے:چیف سیکریٹری
لاہور ( سپیشل رپورٹر) چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھرنے ہدایت کی ہے کہ پولی تھین بیگز سے متعلق مسودہ قانون کو ایک ہفتے میں حتمی شکل دی جائے۔یہ ہدایت انہوں نے سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں مسودہ قانون پر تفصیلی غوروخوض کیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے پولی تھین بیگز کے خاتمے کیلئے قانون سازی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ما حولیاتی آلودگی کا خاتمہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس اہم مسئلے کے حل کیلئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔ علاوہ ازیںچیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر نے اپنے دفتر میں قائم کئے گئے پرفارمنس مانیٹرنگ اینڈ ریفارمز یونٹ کا افتتاح کر دیا۔ یونٹ میں آئی ٹی کے جدید نظام پنجاب پرفارمنس مانیٹرنگ فریم ورک کے ذریعے افسروں اور اداروں کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ سول سیکرٹریٹ میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ یونٹ کے قیام کا مقصد آئی ٹی کے جدید نظام کو بروئے کار لاتے ہوئے گورننس اور پبلک سروس ڈلیوری کو بہتر بنانا ہے۔