کشمیر سے بھارتی تسلط کا خاتمہ امت مسلمہ کیلئے چیلنج کی حیثیت رکھتا ہے:اشرف جلالی
لاہور ( پ ر)تحریک لبیک یا رسول ؐکے سر براہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے آزاد کشمیر کے علماء و مشائخ حضرت مولانا محمد بشیر مصطفوی،ڈاکٹر محمد عبدالقدوس خان،حضرت پیر محمد ابرار شاہ،پروفیسر محمد ضیاء المصطفی منور،مولانا محمد عبد الغفور جلالی،محمد عتیق کیانی و دیگر سے کشمیر کی سنگین صورت حال پر تبادلہ خیال کرنے کے بعد میڈیا کے احباب سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ کشمیر سے بھارتی تسلط کا خاتمہ پوری امت مسلمہ کیلئے ایک چیلنج کی حیثیت رکھتا ہے۔مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا حصہ قرار دینے کا فیصلہ ہرگز برقرار نہیں رکھا جا سکتا۔42دن سے لاک ڈاؤن میں محبوس کشمیریوں کے اندر بھڑکنے والی آزادی کی چنگاری جلد ہی بھارتی تسلط کو بھسم کر دے گی۔بھارتی فوج کے سربراہ جنرل ہپن راوت کا اعلان ’’ہم ہر طرح سے تیار ہیں حتمی فیصلہ حکومت نے کرنا ہے‘‘سے سمجھ لینا چاہیے کہ بھارت کے عزائم کتنے خطرناک ہیں۔ہماری حکومت جس طرح مودی کی کشمیر کے سٹیٹس ختم کرنے کی کاروائی سے بے خبر رہی اور مودی نے جو کرنا تھا کر لیا ایسے ہی ہماری حکومت مودی کے اگلے وار سے بھی بے خبری کا مظاہرہ کر ہی ہے۔کشمیر کے بارے میں تاخیر کا فائدہ بھارت کو پہنچ رہا ہے۔مسئلہ کشمیر پاکستان کیلئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے اقوام متحدہ کے اجلاس تک وقت کے پلوں سے کافی زیادہ پانی گذر چکا ہو گا۔