آزاد کشمیر بار کونسل کی کال پر وفاقی دارالحکومت میں وکلاء کی احتجاجی ریلی
اسلام آباد (وقائع نگار ) آزاد جموں و کشمیر بار کونسل کی کال پر وفاقی دارالحکومت میں بھی وکلاء نے احتجاجی ریلی نکالی ، صدر اسلام آباد بار ایسوسی ایشن چوہدری خانزادہ کی قیادت میں ایف ایٹ کچہری سے نکالی جانے والی ریلی میں سیکرٹری بار راجہ یاسر شکیل کے علاوہ دیگر عہدیداران اور وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ راولپنڈی ڈسٹرکٹ بارکے وکلاء نے بھی ریلی کی شکل میں آ کر اظہار یکجہتی کیا ، اس موقع پر شرکاء نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف سخت نعرے بازی کی اور ڈی چوک سے ہوتے ہوئے یو این او دفتر تک مارچ کیا جہاں وکلاء نے یاداشت جمع کروائی اور مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی ہوئی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہارکیا ، اس موقع پر اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری خانزادہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے مسلمانوں پر بھارتی جارحیت کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے اس بھارتی جارحیت نے دنیا بھر میں اس کے مذموم مقاصد کا چہرہ بے نقاب کیا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور پوری قوم ان کے شانہ نشانہ کھڑی ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ فوری طور پر مقبوضہ کشمیر کی گھمبیرصورتحال کا نوٹس لے اور فوری طور پر بھارتی مظالم بند کرائے جائیں بصورت دیگر دنیا بھرمیں بھرپور احتجاج کا مستقل سلسلہ شروع ہو جائے گا ۔