سپریم کورٹ میں ملازمین کی مستقلی کے فیصلہ کے خلاف اپیلوں کی سماعت
اسلام آباد ( خصوصی رپورٹر)سپریم کورٹ نے ملازمین کی مستقلی کے فیصلہ کے خلاف اپیلوں کی سماعت کرتے ہوئے پنجاب کی 4تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے ایڈمنسٹریٹرز کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا ہے ، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس یحیی آفریدی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن صادق آباد، پتوکی ، تونسہ شریف اور روجھان کے ملازمین کو مستقل کئے جانے کے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلوں کے خلاف دائر اپیلوں کی سماعت کی تو صاد ق آبادتحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے ملازمین کی طرف سے یسین اتال ایڈووکیٹ، پتوکی ٹی ایم اے کے ملازمین کی طرف سے خواجہ اظہررشید، ٹی ایم اے پتوکی کی طرف سے چوہدری علی محمد پیش ہوئے و دیگر پیش ہوئے ۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ٹی ایم اے ملازمین کو لیبر کورٹ، ٹریبونل اور ہائیکورٹ نے مستقل کرنے کا حکم دیا ہے ، بعض ملازمین کو مستقل کردیا گیا ہے تاہم موجودہ ملازمین کو مستقل نہیں کیا جارہا حالانکہ تمام عدالتوں نے ملازمین کے حق میں فیصلے سنائے ہیں ، عدالت نے چاروں ٹی ایم ایز کے ایڈمنسٹریٹرزکو طلب کرتے ہوئے قراردیا کہ جب کچھ ملازمین کو مستقل کردیا گیا ہے تو باقیوں کو کیوں مستقل نہیں کیا جارہا ، یہ عمل امتیازی سلوک ہوگا،عدالت نے ایڈمنسٹریٹرز کو حکم دیا کہ وہ متعلقہ ریکارڈ سمیت جمعرات کے روز عدالت میں پیش ہوں ۔