پاک بحریہ کے لےے تعمیر کے گئے 32ٹن بولارڈ پل ٹگ کی حوالگی کی تقریب آج کراچی شپ یارڈ میں منعقد ہوئی۔ ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف رئیر ایڈمرل اطہر مختار تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔
کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں تعمیر کردہ اس32ٹن بولارڈ پل ٹگ کی لمبائی 34میٹر جبکہ وزن 481ٹن ہے۔ اس کی انتہائی رفتار12ناٹیکل میل ہے اور اس میں دو ڈیزل انجن اور دو آزیمتھ تھرَسٹر نصب ہیں۔ یہ ٹگ پاک بحریہ کے تمام سائز کے جہازوں کے ساتھ ہر قسم کے ٹگنگ آپریشن کی صلاحیت رکھنے والے انتہائی مضبوط فینڈرز سے لیس ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی رئیر ایڈمرل اطہر مختارنے کہا کہ یہ ٹگ جہاز سازی کے شعبے میں خود انحصاری کے حصول کے لئے پاک بحریہ کے عزم کا ایک مظہر ہے۔انہوں نے جہاز سازی کے شعبے میں خود انحصاری کے حصول کے لے وزارتِ دفاعی پیداوار اور کراچی شپ یارڈ کے گراں قدر کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی شپ یارڈ پبلک سیکٹر کی چند صنعتوں میں سے ایک ہے جس نے گزشتہ دہائی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور قومی مَیری ٹائم سیکٹر کے تمام شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
قبل ازیں مینجنگ ڈائریکٹر کراچی شپ یارڈ رئیر ایڈمرل اطہر سلیم نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں پاک بحریہ اور وزارتِ دفاعی پیداوار کے مسلسل تعاون پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل کے لےے غیر ملکی معاونت نہیں لی گئی اور تعمیر کے تمام مراحل خود انحصاری کے ساتھ طے ہوئے۔انہوں نے سامعین کو شپ یارڈ میں جاری جہاز سازی اور مرمت کے دیگر منصوبہ جات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا فی الوقت کراچی شپ یارڈ جہاز سازی کے 6منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ کراچی شپ یارڈ کا ہر کارکن ان منصوبہ جات کی بر وقت اور بطریق احسن تکمیل کے لےے ہمہ وقت پُر عزم اور تیار ہے۔
پا ک بحریہ ، کراچی شپ یارڈ ، کارپوریٹ سیکٹر اور حکومتی اعلیٰ عہدیداران کی ایک بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ ***