دینی مدارس اسلام کے قلعے‘ ملک کی نظریاتی سرحد کے محافظ ہیں‘ چوہدری تنویر
راولپنڈی ( نوائے وقت رپورٹ) ممتاز مسلم لیگی رہنما سینیٹر چوہدری تنویر خان نے کہا کہ دینی مدارس اسلام کے قلعے اور ملک کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں جو اپنے وسائل کے بل بوتے پر اسلامی تعلیمات کے فروغ اور معاشرے میں اسلامی اقدار کے تحفظ کا اہم فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔ وہ اتوار کو یہاں دارالعلوم فاروقیہ قائداعظم کالونی میں چار منزلہ توسیعی منصوبے کے ڈھانچے کی تکمیل کے بعد نو تعمیر شدہ قرآن ہال کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کررہے تھے۔ دارالعلوم فاروقیہ کے بانی ومہتمم مولانا قاضی عبدالرشید نے مولانا مقصود عثمانی‘ مولانا ادریس حقانی‘ قاضی ہارون الرشید‘ مولانا نعمان حاشر اور قاضی جنید رشید اور دیگر علماء اور معززین علاقہ نے بھی شرکت کی۔