این اے53 کے ضمنی الیکشن میں ق لیگ کامیابی کیلئے بھرپور مہم چلا ئیگی‘ لالہ افضل
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) مسلم لیگ ق کے رہنماء لالہ افضل نے کہا ہے کہ این اے53میں ضمنی الیکشن میں اسلام آباد کی کچی آبادی کا 14ہزار ووٹ اہمیت کے حا مل ہونگے اور اس الیکشن میں اس پارٹی کو سپورٹ کیا جائیگا جس کا امیدوار عوامی مسائل کا ادراک رکھتا ہو۔ وہ گزشتہ روز یہاں جی سیون میں این اے 53کے ضمنی الیکشن سے متعلق لائحہ عمل طے کرنے کے سلسلے کارکنوں کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ لالہ افضل کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الہیٰ دونوں نے تحریک انصاف کیساتھ مشاورت کے بعد اتحاد کیا ہے پارٹی اپنے فیصلے خود کرنے میں با اختیار ہے۔ اس لئے کارکن تیار رہیں این اے53میں ضمنی الیکشن لڑنے کے موقع پر مسلم لیگ ق کے امیدوار کی کامیابی کیلئے بھرپور مہم چلائی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی کچی آبادیوں کے مقیم افراد سمیت وفاقی دار الحکومت کے این اے53 کے تمام علاقوں و سیکٹرزمیں پینے کے پانی‘ سیوریج‘ صفائی ‘ صحت اور سکول جیسی بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے اور مرکز میںجو بھی حکومت آئی عوامی مسائل حل کرنے کے دعوے کرتی رہی مگر عملا کچھ نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے اسلام آباد کے شہری سیا ستدانوں کے خالی نعروں سے بد ظن ہوچکے ہیں اس لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ عوام کے مسائل حل کرنے والے امیدوار کو کامیاب کرایا جائے۔