کربلا میں اولادِ رسول ؐ کی قربانیوں سے اسلام کو حیات جاوداں عطا ہوئی،علامہ سید قمر زیدی
راولپنڈی ( وقائع نگار خصوصی ) سید الشہداء حضرت امام حسین ؓکی عدیم النظیراورلازوال قربانی کی یاد گارمنانے کیلئے عشرہ محرم کی مجالس اور ماتمی جلوسوں کا سلسلہ پانچویں روز بھی جاری رہا۔اس موقع پرمجالس میں علمائے کرام اورذاکرین نے عزاداری کی راہ میں انتظامیہ کی جانب سے بے جاروکاٹوں پرتشویش کااظہارکرتے ہوئے راولپنڈی ا ڈیالہ جیل سمیت مختلف مقامات پر مجالس عزا کے انعقاد پرپابندیوں کو بنیادی حقوق اورآزادی سلب کرنے مترادف قراردیتے ہوئے حکومت پرزوردیاگیاکہ وہ دینی وجمہوری اقدار کی پاسداری کویقینی بنائے۔ علی مسجدسٹیلائٹ ٹائون میں عشرہ محرم کی پانچویں مجلس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید قمرحیدرزیدی نے کہا کہ امام حسین ؑ کا مقصدِ وحید اُمت کو ضلالت و گمراہی کے گڑھے سے نکالنا اور نجات دلانے کیلئے رشدو ہدایت سے نوازنا تھا۔آپ ؑ نے اس لیے قیام فرمایا تاکہ اُمتِ مسلمہ کی اصلاح کرکے امر بالمعروف او رنہی عن المنکر کا فرض ادا کریں اور خدا کی حاکمیت کا بول بالا ہو،خونِ حسین ؑ شہادتِ دین و شریعت کے ماتھے کی سرخی ہے،آپ ؑ کے خانوادہ ِ اطہار ؑ کی قید و بند کی صعوبتیں دشمنانِ دین کی ذلت کا باعث اور آپ ؑ کی فدا کاری کی پیروی دنیائے انسانیت کی غیرت کا سبب ہے۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں ہمیں جہاں امام عالی مقام ؑ حسین ؑ ابن علی ؑ کے اعلیٰ مقاصد کواُجاگر کرنا ہے وہاں دنیا کو یہ بتلانا ہے کہ پوری قوم پرچم پاکستان جو پرچم حسینی ہے کے زیر سایہ اتحادو یکجہتی کا عملی مظاہرہ کرکے اندرونی و بیرونی دشمن کے مقابلے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوارہے۔امام بارگاہ شاہ چن چراغ ،مسجد وامامبارگاہ قصر خدیجہ الکبریٰ،عزاخانہ بیت الحزن، مسجد و امامبارگاہ آل محمد ،عزاخانہ عابد حسین رضوی میں مختلف علماء وذاکرین نے عشرہ محرم کی مجالس سے خطاب کیا۔