چینی وفد کا اوپن یونیورسٹی کا دورہ،وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد صدیقی سے ملاقات
اسلام آباد (نا مہ نگار)چینی ماہرین تعلیم کا اوپن یونیورسٹی کا دورہ،وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے چینی وفد کو یونیورسٹی کی پروفائل پر بریفنگ دی۔چائنہ ایڈ منسٹریشن انسٹی ٹیوٹ کے نائب صدر وانگ ئی کے زیر قیادت 6 رکنی چینی ماہرین تعلیم نے گزشتہ روزعلامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ وفد نے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر صدیقی کے ساتھ اُن کے دفتر میں ملاقات کیا۔ ڈاکٹر شاہد صدیقی نے چینی وفد کو یونیورسٹی کی پروفائل پر بریفنگ دی۔ وفد نے سکول مینجمنٹ، ایڈمنسٹریٹیو مینجمنٹ اور سول سروس ٹریننگ میں دلچسپی ظاہر کی۔ یونیورسٹی کی ملک گیر تعلیمی خدمات سے متاثر ہو کر وفد نے یونیورسٹی کے ساتھ تعلیمی معاہدے کی ضرورت پر زور دیا۔ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی سی پیک کو تعلیمی سپورٹ کی فراہمی کیلئے چینی جامعات کے ساتھ تعلیمی معاہدوں میں سنجید ہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی گوادر، لاہور اور اسلام آباد میں ' زبان و ثقافت انسٹی ٹیوٹ' قائم کر رہی ہے تا کہ سی پیک کے مختلف پراجیکٹس میں زیر ملازمت سٹا ف کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جا سکے۔انٹر نیشنل کو لو بریشن اینڈ ایکسچینج آفس کے فوکل پر سن ڈاکٹر زاہد مجید نے وفد کو اوپن یونیورسٹی کے چینی جامعات کے ساتھ معاہدوں کی تفصیلات بیان کی۔ ڈین سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ اعوان اور سینئر آفیسر زبھی اس موقع پر موجود تھے۔