پرنٹ میڈیا کی طرف حکومت کی خصوصی توجہ کی ضرورت
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حکومت بہت جلد نئی ڈیجیٹل پالیسی لا رہی ہے‘ میڈیا کو جدید ٹیکنالوجی اور سہولیات سے آراستہ کرینگے۔ انہوں نے کہا صحافیوں کیلئے خیبر پی کے کی طرز پر ہیلتھ کارڈز جا ری کئے جائینگے جس سے سالانہ ساڑھے پانچ لاکھ روپے تک کا مفت علاج کرایا جا سکے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا موجودہ حکومت اشتہارات سے حکومتی اجارہ داری ختم کرنا چاہتی ہے، ہم گزشتہ حکومتوں کی طرح اربوں کے اشتہارات تو نہیں دے سکیں گے تاہم پرنٹ میڈیا کو مرنے بھی نہیں دیا جائے گا۔
وزیر اطلاعات اپنی وزارت میں انقلابی اقدامات کرنے کے لئے پر عزم نظر آتے ہیں ۔ ان کو میڈیا کے اداروں اور کارکنوں کی مشکلات کا احساس ہے۔ اپنی حد تک وہ ان کو دور کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان پر اپوزیشن کی یکساں کوریج کے ان کے اقدام کو وسیع سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ ان کے صحافیوں کے لئے صحت کارڈ کے اجرا کے اقدام کی ستائش کی جا رہی ہے۔ آج الیکٹرانک میڈیا کا دور ہے جس کے باعث پرنٹ میڈیا کی پہلے جیسی پذیرائی نہیں ہے۔ یہ روز افزوں انحطاط کی طرف گامزن ہے۔ ان حالات میں پرنٹ میڈیا حکومت کی خصوصی توجہ کا طلبگار ہے۔ صحافیوں کے لئے صحت کارڈ اچھی تجویز ہے جبکہ روٹی بنیادی ضرورت ہے۔ وزیر اطلاعات کہتے ہیں کہ پرنٹ میڈیا کو مرنے نہیں دیا جائے گا۔ اب تو پرنٹ میڈیا سسکتا نظر آیا ہے حکومت اسے فوری طور پر اس کیفیت سے نکالنے کی کوشش کرے۔ اس حوالے سے حکومت اخبارات کے مالکان اور صحافتی تنظیموں کو اعتماد میں لے کر مناسب اقدامات کرے۔