گوجرانوالہ جلسہ فلاپ شو: کرپشن بچاؤ تحریک اپنی موت آپ مر گئی :صوبائی وزراء کا اپوزیشن کے گوجرانوالہ جلسہ پر ردعمل
اپوزیشن کا شو بری طرح فلاپ ہو گیا۔ عوام نے مفادپرست ٹولے کی انتشار پھیلانے کی کوشش ناکام بنا دی۔ کرپٹ مافیا کی کرپشن بچاؤ تحریک اپنی موت آپ مر گئی۔ باشعور عوام نے جلسے سے لاتعلقی کا اظہار کر کے وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں پر مہرتصدیق ثبت کر دی۔ موجودہ حکومت عوامی مینڈیٹ کے پانچ سال پورے کرے گی۔ کرپشن میں لتھڑے اپوزیشن رہنماؤں کی تمام امیدیں دم توڑ گئیں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزراء راجہ یاسر ہمایوں، ڈاکٹر مراد راس، چودھری ظہیرالدین، میاں محمود الرشید،مشیر عبدالحئی دستی اور پارلیمانی سیکرٹرین ندیم قریشی نے گزشتہ روز گوجرانوالہ میں اپوزیشن کے جلسے پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔
وزیرہائیر ایجوکیشن راجہ یاسرہمایوں نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ کے بانی کس منہ سے ووٹ کو عزت دینے کی باتیں کر رہے ہیں۔عوام چھانگا مانگا اور مری کی گندی سیاست کے موجد آل شریف کی باتوں میں نہیں آئیں گے۔ماضی میں ایک دوسرے کے پیٹ پھاڑنے کے نعرے لگانے والوں کا اتحاد قومی فراڈ ہے۔عوام اب آل شریف اور زرداری خاندان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام قومی خزانے کے لٹیروں کے منطقی انجام کے منتظر ہیں۔مستردشدہ سیاستدان آج پھر مایوس و نامراد رہیں گے۔
وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد نے کہا کہ اپوزیشن جتنے بھی جلسے جلوس کر لے احتساب سے نہیں بچ سکتی۔اپوزیشن کروڑوں خرچ کر کے بھی جلسہ کامیاب بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ اشتہاری مجرم برطانیہ میں بیٹھ کر ملکی اداروں کے وقار پر تنقید کر رہا ہے۔بیماری کے بہانے بھاگنے والے آج جہموریت کی بالادستی کا درس دے رہے ہیں۔پی ڈی ایم کی ساری قیادت جھوٹی اور مطلب پرست ہے۔تحریک انصاف سے پہلے باری باری ملک کو لوٹنے کی سیاست کا راج تھا۔ ڈاکٹرمراد راس نے کہا کہ 2018 کے الیکشن کو جعلی کہنے والے غیور عوام کی توہین کر رہے ہیں۔آج ادارے مکمل طور پر آزاد اور خود مختار ہیں۔نواز شریف میں ذرا سی بھی شرم باقی ہے تو واپس آ کر خود کو قانون کے حوالے کریں۔کشکول تھامنے والے آج خوشحالی اور ترقی کی بات کرتے ہیں۔
وزیرپبلک پراسیکیوشن پنجاب چودھری ظہیر الدین نے کہا کہ عوام اپوزیشن کے شو سے مکمل طور پر لاتعلق ہیں۔اپوزیشن رہنما اپنے بیانیے سے عوام کی نظروں سے گر گئے۔کرپٹ اپوزیشن کا بیانیہ گمراہ کن ہے۔اپوزیشن کے سیاستدانوں کا ماضی کرپشن میں لتھڑا ہوا ہے۔اپوزیشن قومی اداروں کی تذلیل کرکے عوام کے دل نہیں جیت سکتی۔چودھری ظہیرالدین نے کہا کہ کوئی محب وطن، لٹیرے سابق حکمرانوں کی واپسی کا حامی نہیں ہو سکتا۔اپوزیشن رہنما ملک دشمنوں کی زبان بول رہے ہیں۔ماضی کے لٹیرے حکمران ہمیشہ کے لئے عوام کے دلوں سے اتر چکے ہیں۔اداروں پر تنقید کرکے سیاسی شکست کا ازالہ ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی بربادی کے ذمہ دار ڈھٹائی سے حکومت پر تنقید کررہے ہیں۔ نئے پاکستان میں چوروں اور لٹیروں کی کوئی گنجائش نہیں۔
صوبائی وزیرہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے کہا کہقومی دولت کے لٹیرے جمہوریت کی آڑ میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں۔کرپٹ مافیا این آر او کے حصول کے لئے عوام کو سڑکوں پر لانا چاہتے ہیں۔لٹیرے اور چور بھول جائیں کہ وزیراعظم عمران خان کے ہوتے ہوئے این آر او مل سکتا ہے۔عمران خان کی کرپشن کے خلاف طویل جدوجہد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی مفادات کی خاطر کرپٹ ٹولے نے عوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا ہے۔قوم کرونا سے لڑ رہی ہے،اپوزیشن اپنی کرپشن چھپانے کے لئے عوام کی زندگیوں سے کھیل رہی ہے۔
صوبائی وزیرایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول حافظ ممتاز احمد نے کہا کہ کرپٹ ایسوسی ایشن کی جلسی ناکام ہو گئی ہے۔ عمران خان نے سچ کہا تھا جب کرپٹوں کے گرد گھیرا تنگ ہو گا تو یہ سب مل جائیں گے۔ قوم نے لوٹ مار ایسوسی ایشن کو مسترد کر دیا ہے۔
مشیر زراعت پنجاب عبدالحئی خان دستی نے کہا کہ گزشتہ روز کے جلسے میں عوام منتظر رہے کہ دیکھتے ہیں آج کون کس کا پیٹ پھاڑتا ہے اور کون کس کا گریبان پکڑتا ہے۔حقیقت یہ ہے کہ اندر سے یہ سب ایک ہیں۔یہ بس مکاری اور اداکاری کرکے قوم کو ماموں بناتے رہے۔تحریک انصاف ہی ملک اور قوم کی تقدیر بدل رہی ہے۔
پارلیمانی سیکرٹری انفارمیشن ندیم قریشی نے کہا کہ تمام کرپٹ جماعتیں ملکر بھی عوام کو اکٹھا نہ کرسکیں۔اتنے لوگ تو معمول میں جی ٹی روڈ پر سفر کرتے ہیں۔کرپٹ اپوزیشن لوٹ مار پر قوم سے معافی مانگے۔ این آر او کیلئے اپوزیشن کی ڈرامہ بازی آشکار ہوچکی ہے۔