لاہور کا فضائی آلودگی میں دوسرے نمبر پر آنے پر اظہار تشویش کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع
مسلم لیگ(ن) کی ایم پی اے حنا پرویز بٹ نے لاہور کا فضائی آلودگی میں دوسرے نمبر پر آنے پر اظہار تشویش کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی۔فضائی آلودگی جانچنے والے عالمی ادارے آئی کیو ایئر نے دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست جاری کی ہے ۔جس میں لاہور کا دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرا نمبر بتایا گیا ہے۔لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس 238 کی سطح تک پہنچ گیا ہے۔جس کے بعد آلودہ ترین شہروں میں لاہور دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ تناسب صحت مند فضا کے لیے درکار تناسب سے بہت زیادہ آلودہ ہے۔ جس سے سانس کی بیماریاں عام ہونے کا خدشہ ہے۔یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ لاہور جیسے خوبصورت شہر کو فضائی آلودگی سے بچانے کےلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔آلودگی کا باعث بننے والی فیکٹریوں اور گاڑیوں کےخلاف کاروائی کی جائے۔