سابق کرکٹرز نے انگلینڈ کے دورہ پاکستان کی خبر کر بڑا بریک تھرو قرار دے دیا

لاہور( سپورٹس رپورٹر ) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے جنوری میں مختصر دورانیے کے لیے پاکستان کے دورہ کی خبریں ان دنوں انگلش اور پاکستان میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں۔ پی سی بی کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو نے انگلینڈ کو دورے کی پیشکش کی تصدیق کی ہے جبکہ ای سی بی نے بھی دعوت نامہ موصول ہونے کو کنفرم کیا تاہم ابھی باضابطہ فیصلہ نہیں ہوسکا۔ تاہم پاکستان کے سابق کرکٹرز نے اس خبر کو پاکستان کرکٹ کے لیے بڑا بریک تھرو قرار دیا ہے۔ سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا مختصر دورانیہ کے لیے پاکستان کا دورہ کرنا بہت بڑی بریک تھرو ہوگا، یہ سیریز پاکستان میں کرکٹ فینز کے ساتھ ساتھ نوجوان کرکٹرز کے لیے بہت حوصلہ افزائی کا سبب بنے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ خبر راتوں رات سامنے نہیں بلکہ گزشتہ سال ٹام ہیری سن کی پاکستان آمد والے ایام سے اس پر کام ہوتا نظر آرہا تھا۔ سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے کہا کہ یہ پاکستان کرکٹ کے لیے بہت بڑی ڈویلمپنٹ ہے، اس خبر سے دنیا بھر میں محفوظ پاکستان کا تشخص بڑھے گا، یقین ہے کہ ای سی بی دورے کا دعوت نامہ ضرور قبول کرے گا۔ انگلش کھلاڑی پی ایس ایل میں پاکستان آچکے ہیں اور اگر اب ان کی ٹیم بھی آتی ہے تو ہماری میزبانی انجوائے کرے گی۔ سابق وکٹ کیپر بیٹسمین راشد لطیف نے کہا کہ انگلینڈ کا دورہ پاکستان بہت اہم ہوگا، بیک ڈور ڈپلومیسی بہت اہم ہوتی ہے، ایسے فیصلوں پر پی سی بی تعریف کا مستحق ہے۔ اطلاعات کے مطابق پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے انگلینڈ کرکٹ بورڈ کو لکھے اپنے ایک خط میں دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ اس دعوت نامے میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے مہمان ٹیم کو آئندہ سال 13 سے 20 جنوری تک 3 ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کھیلنے کی دعوت دی ہے۔