جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کریک ڈائون جاری ہے: ڈی پی او چکوال
چکوال(نامہ نگار) ڈی پی او محمد بن اشرف نے بتایا کہ بڑے مگرمچھ منشیا ت فرشوں کیخلاف کریک ڈائون جار ی ہے جبکہ ناجائز اسلحہ کیخلاف مہم میں بھی آتشیں اسلحہ برآمد کیا جا رہا ہے اور اس وقت تمام تر توجہ امن وامان کی صورتحال پر قابو اور جرائم کی رفتار کو کم کرنا ہے۔ اپنے دفترمیں سینئر اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او نے مزید بتایا کہ ابھی تک بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی جا چکی ہے، جبکہ کلاشنکوف اور دیگر خطرناک ہتھیار بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کے تمام مقدمات عدالتوںکو بھیجوا دیے گئے ہیں جبکہ اب بلدتے ہوئے موسم میں چوری کی وارداتوںپر قابو پانے کیلئے سٹی پولیس اور دیگر تمام متعلقہ اداروںکو متحرک کردیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوری کی وارداتوں کا سراغ لگا لیا گیا ہے۔ اور دو بڑے چوروں کے گروہ کے گرد گھیرا تنگ ہے اور اس حوالے سے جلد عوام کو خوشخبری دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبیؐ کے حوالے سے بھی ابتدائی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اور مجموعی طو رپر عید میلاد النبی ؐ ہمیشہ انتہائی پرامن رہا ہے او رتمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اس ضمن میں ہمیشہ بھرپور تعاون کرتے آئے ہیں۔