ملک کی ترقی کا انحصار آئی ٹی سے استفادہ پر ہے:چیئرمین فیڈمک
لاہور (کامرس رپورٹر)چیئرمین فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) میاں کاشف اشفاق نے جمعہ کو انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی میں سٹیٹ آف دی آرٹ انڈسٹریل مانیٹرنگ اینڈ آٹو میشن لیب (IMAL) کا افتتاح کیا جو ملک بھر کے صنعتی علاقوں کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرے گا۔ اس موقع پر اپنے مختصر خطاب میں میاں کاشف اشفاق نے اعلیٰ سطح کی ریسرچ اور انڈسٹری کو درپیش مختلف مسائل کے حل کیلئے متعدد نئے سافٹ ویئر تیار کرنے پر یونیورسٹی کے اساتذہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعہ عالمی منڈیوں کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے اور پیداواری لاگت کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب ہر ملک کی ترقی کا انحصار آئی ٹی کے استعمال اور اس سے استفادہ پر منحصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے پوری دنیا میں انقلاب برپا کر دیا ہے اور ہمیں تمام شعبوں میں اس کے فوری استعمال کی ضرورت ہے۔ موجودہ حکومت آئی ٹی کے فروغ کو بہت اہمیت دیتی ہے اور اس کے تمام منصوبوں خاص طور پر صنعتی اور تعلیمی شعبوں کو تمام ضروری فنڈز مہیا کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیڈمک صنعتی یونٹوں کی اپ گریڈیشن اور آٹومیشن کے لئے IMAL کی خدمات کا بھرپور فائدہ اٹھائے گی۔