تعمیر پاکستان کیلئے نسل نو کو بانیان کے نظریات سے جوڑ نا ہو گا،ڈاکٹر افضل بابر
اسلام آباد (نا مہ نگار) پرائیویٹ اسکولز نیٹ ورک اسلام آباد کے مرکزی صدر ڈاکٹر محمد افضل بابر نے کہا ہے کہ نسل نو کو بانیان پاکستان کے نظریات سے جوڑ کر تعمیر پاکستان ممکن ہے۔شہیدملت خان لیاقت علی خان کے نقش قدم پر چلنے والی قیادت ہی نوجوانوں کی قائدانہ صلاحیتوں کو پالش کرسکتی ہے ان خیالات کا اظہارڈاکٹر محمد افضل بابر نے پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان شہید کی برسی پر منعقدہ طلبہ کے مابین مقابلہ تقاریر سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ بانیان پاکستان فورم کے منتظمین کا میں شکر گزار ہوں کہ انہوں نے "شہید ملت کا تحریک آزادی میں کرادار" پر طلبا وطالبات کے مابین مقابلہ تقاریر کاانعقاد کیا۔ آج سیاسی جماعتوں کے قائدین کو نظریہ پاکستان اوربانیان پاکستان کی جدو جہد آزادی سے سیکھنا چاہیے کہ وہ کن مشکل حالات میں ہمیں یہ مادر وطن لیکر دے گئے۔لہذاذاتی لڑائیوں بالاتر ہو کر ہم سب کو تعمیر وطن میں اپنے اپنے حصے کا کام کرنا ہو گا تقریب کے اختتام پر پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا وطالبات میں توصیفی اسناد اور انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔