اپوزیشن کی کوئی سمت نہیں، کرپشن کا تحفظ چاہتی ہے: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی کوئی سمت ہے نہ ان کو کوئی سمجھ ہے۔ پوری اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔ جلسوں سے کوئی پریشانی نہیں۔ یہ عناصر جلسوں کی آڑ میں کرپشن کا تحفظ چاہتے ہیں۔ عمران خان کی قیادت میں کرپٹ عناصر کا احتساب جاری رہے گا۔ تحریک انصاف کا مینڈیٹ کرپشن کا خاتمہ ہے اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ عوام انتشار کی سیاست کو پہلے بھی مسترد کر چکے اب بھی ساتھ نہیں دیں گے۔ تحریک انصاف کی حکومت عوامی خدمات میں مصروف ہے اپوزیشن جو مرضی کر لے عوامی خدمت کا سفر رواں دواں رہیگا۔ کرونا کی دوسری لہر سر اٹھا رہی ہے احتجاجی سیاست کرنے والے عناصر عوام کی زندگیوں سے نہ کھیلیں۔ عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں گنے کی کم از کم قیمت 200 روپے فی من مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں جنوبی پنجاب کے اضلاع میں 10 نومبر سے کرشنگ سیزن شروع کے آغاز کی اصولی منظوری دی گئی جبکہ پنجاب کے دیگر اضلاع میں 15 نومبر سے کرشنگ سیزن شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ برس کی طرح رواں سیزن میں بھی گنے کے کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائیگا اور کسی کو بھی کاشتکاروں کا استحصال نہیں کرنے دیں گے۔ گزشتہ حکومت نے اپنے دور میں گنے کی قیمت میں اضافہ نہ کرکے کاشتکاروں کا استحصال کیا۔ عثمان بزدار نے خوراک کے عالمی دن کے موقع پرشہریوں کو معیاری خوراک کی فراہمی کیلئے 5بڑے نئے اقدامات کا افتتاح کردیا۔ عثمان بزدار نے موٹر وے سکواڈ اور نئی آپریشنل ٹیم بائیک سکواڈ کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں لیکٹو سکین مشینوں کی فراہمی، فری ملک ٹیسٹنگ اور باڈی کیم سرویلنس سسٹم کا بھی افتتاح کیا۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب میں کرونا کے ایکٹوکیسوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور صوبے میں کرونا ایکٹو کیسوں کی تعداد 2016 ہوگئی ہے۔ عوامی اجتماعات سے کرونا میں مزید اضافے کے خدشے کو رد نہیں کیا جاسکتا۔ اپوزیشن جماعتیں ذاتی مفادات کی خاطر عوام کی زندگیوں سے کھیل رہی ہیں۔ عثمان بزدار نے غربت کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ غربت پر قابو پانے کیلئے معاشی ناہمواریوں کو دور کرنا ضروری ہے۔ معاشرے میں انتہا پسندانہ رویوں کے خاتمے کیلئے غربت کا سدباب ناگزیر ہے۔ عثمان بزدارنے کوسٹل ہائی وے پر اوجی ڈی سی ایل کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدارنے حملے میں سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے پاکستان میں فائیو سٹار ہوٹل گروپ کے چیئرمین چودھری آصف حسین‘ سید مصطفیٰ پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی گل ظفر خان اور پارٹی رہنما رانا محمد تنویر نے ملاقات کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔