مریم نواز‘ فضل الرحمنٰ کو راستے میں خطاب سے روکاگیا معاہدے کی خلاف ورزی پر رپورٹ حکام کو ارسال
لاہور (نامہ نگار) لاہور پولیس نے مریم نواز کے قافلے کو لاہور میں واقع استقبالیہ کیمپوں پر رکنے اور خطاب کرنے سے منع کر دیا تھا، بتایا گیاکہ پولیس نے مریم نواز کو صرف کامونکے استقبالیہ کیمپ پر رکنے اور خطاب کرنے کی اجازت دی، تاہم انہیں کیمپ پر بنائے گئے سٹیج پر جانے سے روک دیاگیا تھا جبکہ قافلے میں شامل گاڑیاں بھی مریم نواز کی گاڑی کے پیچھے کھڑی رہیں۔ دریں اثناء صوبائی اداروں نے مریم نواز کے شاہدرہ میں مختصر خطاب کا نوٹس لے لیا۔ طے ہوا تھا مریم نواز گوجرانوالہ سے پہلے خطاب نہیں کرینگی۔ معاہدے پر پرویز ملک‘ عمران نذیر‘ ڈپٹی کمشنر اور ڈی آئی جی آپریشنز نے دستخط کئے تھے۔ حکومتی اداروں نے رپورٹ اعلیٰ حکام کو بھیج دی۔ دوسری طرف پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے صدر مولانا فضل الرحمن کو بھی لاہور پولیس نے سکیورٹی فراہم کی۔بتایا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کی گاڑی کے ہمراہ ایلیٹ فورس کی دو گاڑیاں بطور سکیورٹی لاہور سے روانہ ہو کر گوجرانوالہ پہنچیں، پولیس کی دونوں گاڑیوں نے مولانا فضل الرحمن کی گاڑی کو اپنے حصار میں لے رکھا تھا جبکہ پولیس نے مولانا فضل الرحمن کو بھی راستے میں کسی بھی استقبالیہ کیمپ پر رکنے اور خطاب کرنے سے منع کر رکھا تھا۔