قادیانی1973ء کا دستور ختم کرانا چاہتے ہیں: کفیل بخاری
ملتان ( سماجی رپورٹر )عقیدہ ختم نبوت ، ناموس رسالت کا تحفظ اور دفاع صحابہ و اہل بیت ہر مسلمان کی ذمہ داری اور دینی فریضہ ہے۔ تمام مسلمانوں کو اسلام اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے جذبہ صدیقی سے سرشار ہوکر میدان عمل میں نکلنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار مجلس احرار اسلام پاکستان کے نائب امیرمولانا سید محمد کفیل بخاری نے مرکز احرار ، جامع مسجد سیدنا امیر معاویہ محلہ عثمان آباد میں اجتماع جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ منکرین ختم نبوت لاہوری و قادیانی مرزائی ایک سازش کے تحت 1973ء کا دستور ختم کرا کر خود کو پھر سے مسلمان تسلیم کرانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان اسلام اور کلمے کی بنیاد پر وجود میں آیا تھا، مجلس احرار اسلام اس کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدات کی حفاظت کو ایمان کا حصہ سمجھتی ہے۔ مولانا سید عطاء اللہ شاہ ثالث بخاری نے کہا کہ تخریب کاری کرنیوالوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ قوم اور حکمرانوں کو اس بات سے آگاہ رہنا چاہیئے کہ قادیانی اسلام، مسلمان اور پاکستان کیلئے یہود و ہنود سے بھی زیادہ خطر ناک ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر محمد عادل خان شہید کے قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔