3 ا فراد کے قتل کامقدمہ 4افراد کے خلاف درج، گرفتاری نہ ہو سکی
کوٹ ادو(خبر نگار) کوٹ ادو کے نواحی علاقہ احسان پور کے رہائشی بولہ برادری اور پاولی برادی کے مابین عرصہ دراز سے دیرینہ دشمنی چلی آرہی ہے جس کے نتیجے میں اب تک6قتل ہو چکے ہیں،گزشتہ سے پیوستہ روزبھی دیرینہ دشمنی پر فائرنگ کے نتیجہ میں 3 افراد کو قتل کر دیا گیا تھاجس کا تھانہ سٹی کوٹ ادو میں مقدمہ درج کرلیا گیا،قتل اور اقدام قتل کا مقدمہ مقتول امداد حسین کی والدہ راجن بی بی کی مدعیت میں درج کیا گیا، فائرنگ واقعہ میں شدید زخمی ہونے والا محمد افتخار اور راہ گیر 14سالہ لاڑ چوک کا رہائشی محمد سلیمان لاڑ تاحال نشتر ہسپتال ملتان زیرعلاج ہیںجن کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے،دوسری طرف پولیس قاتلوں کی گرفتاری کے لیے متحرک ہو گئی ہے جس کے لئے ڈی پی اومظفرگڑھ محمد حسن اقبال نے ایس ڈی پی او کوٹ ادو امجد جاوید کی قیادت میں گرفتاری کے لیے ایس ایچ او کوٹ ادو عبدالکریم کھوسہ،ایس ایچ او دائرہ دین پناہ شعیب عدیل اور ایس ایچ او تھانہ صدر شمس اللہ قیصرانی گرفتاری ٹیم تشکیل دے دی ہے جس پر ٹیم نے رات گئے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے مگر کوئی گرفتاری عمل میں نہ لائی جاسکی،دن دیہاڑے شہر کے گنجان آباد علاقے میں فائرنگ واقعہ پر لوگوں میں مختلف چہ میگوئیاں کی جا رہی ہیں اور شہر میں تاحال خوف و ہراس پایا جارہا ہے۔ دریں اثناء حبیب گلی اقبال پارک نے انٹرنیٹ کیفے کھلے ہوئے ہیں جہاں سے فحش فلمیں چلا کر نوجوانوں اور طالب علموں کو گمراہ کیا جارہا تھا، گزشتہ سے پیوستہ روز دن دیہاڑے ہونے والی دیرینہ دشمنی فائرنگ کا واقعہ بھی انٹرنیٹ کیفے کے سامنے پیش آیا جس کی فائرنگ سے انٹرنیٹ کیفے میں موجود 14سالہ لاڑ چوک کا رہائشی محمد سلیمان لاڑ بھی زخمی ہوا تھا، پولیس کوٹ ادو نے مذکورہ گلی میں قائم ویب سٹار انٹر نیٹ کیفے کو سیل کرتے ہوئے اس کے مالک غلام اصغر دایہ کو گرفتار کرکے اس کے قبضہ سے پسٹل بھی برآمد کر لیا ہے، پولیس کو ٹ ادو نے اصغر دایہ کے خلاف انٹر نیٹ کیفے کے ذریعے نئی نسل کو گمراہ کرنے اور نا جائز اسلحہ رکھنے کے خلاف دو الگ الگ مقدمات درج کر لئے ۔