پاکستان‘ افغانستان نے کرونا سے نمٹنے کیلئے بھارت سے بہتر اقدامات کئے: راہول گاندھی
نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارت کی حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ-19 کے خلاف پاکستان اور افغانستان نے بھی بھارت سے بہتر اقدامات کیے۔ راہول گاندھی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے کئی ممالک کی گراس ڈومیسٹک پروڈکٹ (جی ڈی پی) سے متعلق جاری کیے گئے گراف کے ساتھ لکھا کہ ’یہ بی جے پی حکومت کی ایک اور ٹھوس کامیابی ہے‘۔ راہول گاندھی نے آئی ایم ایف کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت کی ایک اور ٹھوس کامیابی، یہاں تک کہ پاکستان اور افغانستان نے بھی کرونا وائرس بحران کو بھارت سے بہتر طور پر سنبھالا ہے۔ ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق یہ کسی بھی ابھرتی معیشت کیلئے بڑا دھچکا اور آزادی کے بعد بدترین حالات ہیں۔