کراچی میں آتشزدگی کے 3 واقعات، لانڈھی کی لنڈا فیکٹری کا آدھا حصہ منہدم
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے علاقوں لانڈھی، آئی آئی چندریگر روڈ اور لیاری میں آگ لگنے کے واقعات پیش آئے ہیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہواہے، لانڈھی کی لنڈا فیکٹری میں آگ لگنے کے باعث آدھا حصہ منہدم ہوگیا، چاکیواڑہ میں گودام اور یونی پلازہ کی دو دکانوں میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا۔تفصیلات کے مطابق لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کی گلیکسی لنڈا فیکٹری آتشزدگی سے مکمل طور پر خاکستر ہوگئی،آگ کی شدت سے پرانے کپڑوں کی فیکٹری کی چھت گر گئی، جبکہ آگ نے ایک اور فیکٹری کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔فائر بریگیڈ حکام نے آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے دیا، فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیوں نے آگ بجھانے میں حصہ لیا۔ آگ کی اطلاع ملتے ہی واٹربورڈ کے لانڈھی شیر پائو ہائیڈرنٹ پر ایمر جنسی نافذ کی گئی، جہاں سے بلا معاوضہ پانی فراہم کیا گیا۔آتشزدگی کے دوران فیکٹری میں کام کرنے والے تمام ملازمین کو باہر نکال لیا گیا،: خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،دو فیکٹریاں مکمل طور پر جل گئیں، جبکہ ایک کی چھت گر گئی۔سیکرٹری ایکسپورٹ پراسیسنگ زون ناصر ہدایت نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا ہے لیکن دونوں فیکٹریاں مکمل طور پر جل گئی ہیں۔اسٹیشن فائر آفیسر غلام محی الدین نے بتایاکہ آگ کی اطلاع تاخیر سے ملی جس کے باعث دونوں فیکٹریوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ گرنے والی ایک فیکٹری 2 منزلہ ہے۔ادھرلیاری کے علاقے چاکیواڑہ کے قریب جھٹ پٹ مارکیٹ میں واقع چپس اور دیگر اشیاء کے گودام میں اچانک آگ لگ گئی، جس سے گودام میں موجود ٹرک سمیت 4 سے 5 گاڑیوں کو نقصان پہنچا، یہاں بھی آگ پر قابو پا لیا گیا۔ آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی۔ فائر بریگیڈ کی تین گاڑیوں نے آگ پر قابو پایا۔آئی آئی چندریگر روڈ پر یونی پلازہ کی دو کانوں آگ لگ گئی، آگ نے الیکٹرک اور کمپیوٹر پراسیسریز کی 3 دوکانوں کو اپنی لپیٹ میں لیا۔ آگ بجھانے میں 4 فائر ٹینڈر نے حصہ لیاتاہم آگ کے واقعات سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔